کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں قتل ہونے والے بچے ابان اور ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیجز ’ سب تک نیوز‘ نے حاصل کر لیں۔
فوٹیجز میں ابان کو ملزم سفیان کا ہاتھ پکڑ کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزم کو پہلے روز ہی مشتبہ لسٹ میں ڈال دیا تھا: SSP سینٹرل
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق بچے کےقتل کے ہائی پروفائل کیس پر 2 ٹیمیں کام کر رہی تھیں، ملزم کو پہلے روز ہی مشتبہ لسٹ میں ڈال دیا گیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھر کا فرد ہونے کی وجہ سے فوری طور پر گرفتاری مشکل تھی، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
8 سالہ بچے کا قاتل اس کا 16 سالہ کزن نکلا
واضح رہے کہ 8 سالہ بچے ابان کا قاتل اس کا اپنا کزن نکلا، 16 سالہ ملزم سفیان کا کہنا ہے کہ مقتول ابان اپنے والد سے اس کی شکایتیں کرتا تھا، جس پر اسے ڈانٹ پڑتی تھی اور اسے اس بات پر بہت غصہ تھا، پولیس نے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
16 سالہ ملزم سفیان واقعے کے فوری بعد میڈیا کو من گھڑت کہانی سنا تا رہا، وہ اس کے بعد عباسی شہید اسپتال بھی گیا، اس وقت تک کسی کو اندازہ تک نہ تھا کہ بظاہر یہ معصوم سا نوجوان معمولی سی رنجش پر قتل جیسا سنگین اور بھیانک جرم بھی کر سکتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوئم کے بعد مقتول ابان کے گھر پر اہلِ خانہ سے پولیس بات چیت کر رہی تھی کہ اسی دوران ملزم رونے لگا جس پر اسے فوری طور پر تھانے منتقل کیا گیا۔
تھانے میں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا جبکہ اس کی نشان دہی پر قتل میں استعمال ہونے والی چھری بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ بچوں کے قتل میں عموماً قریبی لوگ ملوث ہوتے ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔