سائنس فکشن فلموں کے شائقین نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو بڑی اسکرین کریتی سینن کے ساتھ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
کریتی سینن جو آج کل اپنی نئی فلم’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کی باکس آفس پر کامیابی کا جشن منا رہی ہیں اُنہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے مداحوں سے بات چیت کرنے کے لیے ایک سیشن رکھا۔
اس سیشن میں کئی مداحوں نے اداکارہ سے سوال کیا کہ کیا وہ اُنہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتے ہوئے دکھا سکتے ہیں۔
ایک مداح نے یہ سوال بھی کیا کہ ہم اسکرین پر صفرا (کریتی سینن) اور جی- ون (شاہ رخ خان) کا آمنا سامنا ہوتے دیکھ سکتے ہیں۔
اداکارہ نے مداح کے اس سوال کے جواب میں لکھا کہ ’یہ بہت ہی خوبصورت لمحہ ہوگا‘۔
اسی سیشن میں ایک اور مداح نے یہ سوال کیا کہ’کیا ہم اس فلم کے سیکوئل کے ریلیز ہونے کی توقع رکھ سکتے ہیں؟‘
کریتی سینن نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’مجھے یقین ہے کہ فلم کے ہدایتکارامیت اور آرادھنا جلد ہی فلم کا پارٹ 2 بنانے پر مجبور ہوں گے‘۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان نے 2011ء میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم’را-ون‘ میں ’جی- ون‘ نامی ایک روبوٹ کا کردار ادا کیا تھا اور اب کریتی سینن نے اپنی نئی فلم’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں ’صفرا‘ نامی روبوٹ کا کردار ادا کیا ہے۔
اسی لیے مداحوں کی خواہش ہے کہ فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ کا سیکوئل بنے اور اس میں وہ شاہ رخ خان اور کریتی سینن کا روبوٹس کے روپ میں آمنا سامنا ہوتا دیکھ سکیں۔