بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کو تہاڑ جیل میں قید جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے موصول ہونے والی قتل کی دھمکیوں نے مشکل میں ڈال دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پہلے ممبئی پولیس کی جانب سے سلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی بڑھائی گئی تھی لیکن اب صورتحال مزید سنگین ہونے کے خدشے پر سلمان کے بہنوئی آیوش شرما کو بھی سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آیوش شرما جو آج کل اپنی نئی فلم’روسلان‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں اپنی فلم کے پروموشنل ایونٹس میں سیکیورٹی کے ساتھ شرکت کریں گے۔
آیوش شرما کی سیکیورٹی میں پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے جو پر تقریب میں ان کے ساتھ ہوں گے۔
اس بات کی بھی توقع ہے کہ آیوش شرما بلٹ پروف گاڑی میں سفر کریں جو لارنس بشنوئی کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد سلمان خان نے خریدی تھی۔
یہ تمام اقدامات سیکیورٹی افسران کی جانب سے سلمان خان اور ان کے اہلِ خانہ کی ایسی تقریبات میں شرکت کے دوران ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جارہے ہیں جہاں لوگوں کو ہجوم ہوگا۔