سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر تحقیقات کا آغاز آج ہوگا، الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی آج سے کارروائی شروع کردے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق کمشنر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن میں مبینہ دھاندلی کا اعتراف کیا جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں نئی سیاسی بحث چھڑ گئی۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب سمیت سرکاری عہدیداران نے سابق کمشنرپر کڑی تنقید کی۔
مستعفی ہوتے ہوئے اپنے بیان میں لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ میں نے ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہوئے انتخابی دھاندلی کی۔ ہم نے ہارتے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ سے جتوایا۔ پنڈی ڈویژن میں راولپنڈی، جہلم، اٹک، تلہ گنگ، چکوال اور مری کے علاقے شامل ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کی 13 جبکہ پنجاب اسمبلی کی 26نشستیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات حاصل کرے گی، سابق کمشنر راولپنڈی کے بیان کا ٹرانسکرپٹ پیمرا سے حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ آج سے 2 روز قبل مستعفی کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی نشستوں کے 13 امیدوار جو ہار رہے تھے.انہیں 70، 70 ہزار کی لیڈ دلوائی گئی۔ انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری تسلیم کرتا ہوں۔