پاکستان شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار سبحان اعوان نے اہلیہ اداکارہ وشمہ فاطمہ سے پہلی ملاقات اور شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی۔
سبحان اعوان اور وشمہ فاطمہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس شو میں سبحان اعوان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ’آپ کی شادی گھر والوں کی پسند سے ہوئی یا اپنی پسند سے ہوئی؟‘
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ شادی میری اپنی پسند سے ہوئی ہے۔
اداکار کا جواب سن کر ان سے ایک اور سوال کیا کہ’آپ نے وشمہ کو شادی کی پیشکش کیسے کی؟‘
اُنہوں نے اس سوال کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وشمہ سے میری پہلی ملاقات ایک ڈرامے کے سیٹ پر ہوئی تھی اور مجھے یہ پہلی ملاقات میں ہی اچھی لگنے لگی تھیں بلکہ مجھے ان سے محبت ہوگئی تھی۔
سبحان اعوان نے بتایا کہ وشمہ کو بھی میں پسند آگیا تھا لیکن یہ مانتی نہیں تھیں پھر میری نے کوشش کی کسی طرح ہم لوگ ایک ساتھ کہیں چائے پینے چلیں اور بھلے ہی ہمارے ساتھی اداکاروں میں سے بھی کوئی ساتھ آ جائے مگر کسی طرح کچھ بات تو آگے بڑھے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پھر بہت مشکل سے مجھے ایک ایسا موقع مل ہی گیا اور لوگ ساتھ چائے پینے گئے اور پھر بات آگے بڑھ گئی۔
اداکار نے بتایا کہ میں واضح طور پر محبت کا اظہار کرنے سے اس لیے ڈرتا تھا کہ کہیں سامنے سے انکار نہ ہوجائے تو اس لیے میں نے آہستہ آہستہ وشمہ کو یہ احساس دلانے کی کوشش کی کہ میں ان سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر وشمہ نے رضا مندی ظاہر کردی اور پھر شادی ہوگئی۔
اس کے بعد وشمہ فاطمہ سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ’آپ نے سبحان کی کسی بات سے متاثر ہوکر ان سے شادی کے لیے رضا مندی ظاہر کی؟‘
اداکارہ نے اس سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے سبحان کی جانب سے شادی پیشکش ہونے پر سب زیادہ خوشی اس لیے ہوئی کہ ان کا قد مجھے سے لمبا ہے تو ان کے ساتھ میں ہیل پہن کر آرام سے چل سکتی ہوں۔