لاہور میں شادی کی تقریب کے دوران ملزم نے فائرنگ کرکے ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے بالاج ٹیپو کو قتل جبکہ 3 افراد کو زخمی کردیا، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں پیش آیا جہاں مسلح حملہ آور نے ن لیگ میں حال ہی میں شامل ہونے والے بالاج ٹیپوپر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مقتول موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حملہ آور نے امیر بالاج ٹیپو کو 4گولیاں ماریں جو جناح ہسپتال میں علاج کے دوران چل بسے۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز نے انتقال کی تصدیق کردی۔ بالاج ٹیپو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ہمراہ زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ن لیگی رہنما عطا تارڑ جناح ہسپتال پہنچے اور تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا۔ بالاچ ٹیپو عارف عامر عرف ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا تھا۔ آج سے 14سال قبل 2010 میں عارف عامر عرف ٹیپو ٹرکاں والا کو علامہ اقبال ائیرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل 1994 میں عارف عامر کے والد بلا ٹرکاں والا کو بھی قتل کردیا گیا تھا جو خونی دشمنی کا آغاز ثابت ہوا۔