سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس پر سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ سماعت کررہا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ سماعت پر عدالتی معاونین سے تحریری دلائل طلب کیے تھے۔
بلاول عدالت میں موجود
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔
عدالتی معاون مخدوم علی خان کے دلائل
اس موقع پر عدالتی معاون مخدوم علی خان نے دلائل دیے۔
ذوالفقارعلی بھٹو ریفرنس کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق مخدوم علی خان عدالت کی معاونت کر رہے ہیں۔
سابق جج اسد اللّٰہ چمکنی بھی عدالتی معاون کے طور پر پیش ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سابق جج اسد اللّٰہ چمکنی سے کہا کہ آپ فوجداری قانون کے ماہر ہیں، آپ کو دوسرے مرحلے میں سنیں گے۔
عدالتی معاون بیرسٹر صلاح الدین بھی عدالت میں پیش ہو گئے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بیرسٹر صلاح الدین سے کہا کہ صلاح الدین صاحب! اگر آپ ناراض نہ ہوں تو مخدوم صاحب سینئر ہیں، پہلے انہیں سن لیتے ہیں؟
کائرہ و خورشید شاہ بھی سپریم کورٹ میں موجود
پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ اور خورشید شاہ بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے باہر ایک صحافی کی جانب سے الیکشن کے حوالے سے ن لیگ سے جاری مذاکرات کے بارے میں سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کوئی لمبا چوڑا نہیں چھوٹا موٹا ڈیڈ لاک ہوتا ہے، 29 تاریخ کو حلف برداری ہونی ہے، میڈیا کو بہت جلدی ہے۔