بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و سابقہ مس یونیورس سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ ’آٹو امیون ڈیزیز‘ کے سبب اُنہیں ’برین فوگ‘ (یادداشت سے متعلق) کا سامنا ہے۔
سشمیتا سین بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک ایسی اداکارہ ہیں جو اپنے بے باک بیانات اور شاندار اداکاری کی مہارت کے سبب جانی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ 48 سال کی عمر میں بھی اپنی فٹنس کی وجہ سے نوجوانوں کے حلقے میں خوب پسند اور فالو کی جاتی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سشمیتا سین نے ایک بار پھر اپنے دل کے دورے کے بارے میں طویل بات کی، اس دوران انہوں نے خود کی مدافعتی حالت کے بارے میں بھی بات کی جو اُن کی زندگی کا سب سے بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
سشمیتا نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے کے باوجود آپریشن تھیٹر میں ہنس رہی تھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ ایک خوش مزاج انسان ہیں اسی لیے وہ دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال پہنچنے کے بعد اپنے ڈاکٹر کے ساتھ مذاق کر رہی تھیں، وہ خود بھی ہنس رہی تھیں اور طبی عملے کو بھی ہنسا رہی تھیں۔
سشمیتا سین نے خود کو لاحق قوت مدافعت سے متعلق بیماری (آٹو امیون ڈیزیز) پر بھی بات کی۔
شسمیتا سین نے بتایا کہ اُن کی مدافعت سے متعلق خراب صورتحال نے اُنہیں پریشان کر دیا تھا، پہلے اس بیماری نے کافی شدت اختیار کی تھی جبکہ اب یہ بیماری اُن کے قابو میں ہے جبکہ اس بیماری کے سبب ہونے والا ’برین فوگ‘ (یادداشت کا دھنلا جانا) تاحال اُنہیں پریشان کیے ہوئے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ برین فوگ کے سبب اب اُنہیں چھوٹی چھوٹی باتیں تک یاد نہیں رہتیں، وہ پرانی باتیں دہرا نہیں سکتیں، وہ چیزیں بھول جاتی ہیں اور اِنہیں ناصرف پرانی باتیں بلکہ دو سیکنڈ پہلے پوچھا گیا کسی کا نام تک یاد نہیں رہتا ہے۔