بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اُن کے شوہر رنویر سنگھ جَلد اپنے پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا ’دی ویک‘ کی رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اداکارہ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش جَلد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون کے حمل سے متعلق متعدد بار افواہیں زیرِ گردش رہی ہیں مگر اس بار پڈوکون فیملی کے قریبی ذرائع نے اس بات کا انکشاف اور تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب حال ہی میں اداکارہ 77 ویں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز (بافٹا) کے ریڈ کارپٹ پر ایک چمکدار ساڑھی پہنے جلوہ گر ہوئیں، اس دوران میڈیا نے دیپیکا پر خاص توجہ دی کیوں کہ اُنہیں بار بار ساڑھی کے پلو سے اپنی جسامت چھپاتے ہوئے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے چند سال ڈیٹنگ کرنے کے بعد شادی کی تھی، اس جوڑی کی شادی نومبر 2018ء میں اٹلی میں ایک نجی تقریب کے دوران ہوئی تھی۔
دوسری جانب حال ہی میں جب ایک انٹرویو کے دوران دیپیکا پڈوکون سے ان کے ماں بننے کے منصوبے سے متعلق پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا تھا کہ ’بالکل، میں اور رنویر بچوں سے پیار کرتے ہیں، ہم اس دن کے منتظر ہیں جس دن ہم اپنا خاندان بڑھائیں گے۔‘
واضح رہے کہ اداکارہ کو آخری بار ہریتک روشن کی ایکشن فلم ’فائٹر‘ میں دیکھا گیا تھا۔
اداکارہ کے آنے والے پروجیکٹس میں ’کالکی 2898 AD‘ اور ’سنگھم اگین‘ شامل ہیں۔