پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی سینیئر اداکارہ و میزبان عفت عمر نے خود پر ہونے والی تنقیدوں اور طعنوں کا کرارا جواب دے دیا۔
حال ہی میں اداکارہ کو قریبی شادی کے سلسلے میں ہونے والی مختلف تقریبات میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
تاہم اداکارہ نے فوٹو اینڈ شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسی شادی کی ایک تقریب سے تصاویر و ویڈیوز شیئر کر کے تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ نے اپنی تصاویر و ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن میں انہیں مرون، گلابی و سُنہری امتزاج کے لہنگا چولی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
عفت عمر نے مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں زائد العمری کے طعنے دینے والوں کو مخاطب کرتے وئے لکھا کہ ’میری عمر میری مرضی، براہ مہربانی اپنی زندگی جیو اور مجھے سکھانا بند کر دیں کہ مجھے اس عمر میں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں‘۔
اس سے قبل ان کی پنجابی گانوں پر رقص کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی تھی، جس پر انہیں نامناسب سوال کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک صارف نے ان کی ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ’باجی آپ پرفارمنس کے کتنے پیسے لیتی ہیں؟‘، جس پر عفت عمر نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جواب دیا اور لکھا کہ ’آپ کی اوقات سے بہت زیادہ‘۔