اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کا حکم دے دیا جبکہ انکے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیے گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے شہریار آفریدی کیس میں ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو گرفتار کر کے کل صبح 9 بجے پیش کرنے کا حکم دیا۔
اپنے حکم نامے میں عدالت عالیہ نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن ملک سے باہر نہ جا سکیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ نظام انصاف میں رکاوٹ بننے پر کیوں نا ڈی سی اسلام آباد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ استثنیٰ درخواست منظوری کے باوجود پیش نہ ہو کر ڈی سی نے بادی النظر میں توہین عدالت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید ریمارکس دیے کہ سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس، ڈی سی اسلام آباد کا نام ای سی ایل پر ڈالنا یقینی بنائیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ڈی سی اسلام آباد کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کل منظور نہیں کی، آئی جی اسلام آباد دوسرے صوبوں کے ساتھ مل کر وارنٹ پر عمل کروائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ ایئرپورٹ، سی پورٹ یا بارڈر کراسنگ پر ڈی سی اسلام آباد نظر آئیں تو گرفتار کر کے پیش کریں۔
عدالتی حکم پر ڈی سی اسلام آباد کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیے گئے۔