اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں لینا اب سنی اتحاد کونسل کا حق بنتا ہے۔
لاہور میں سب تک نیوز سے گفتگو میں سبطین خان نے کہا کہ آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب مخصوص نشستیں لینا سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کا حق بنتا ہے، حکومت کو مشورہ ہے کہ جلد بازی میں اجلاس نہ بلائے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ شارٹ کٹ کے ذریعے اجلاس بلانا مناسب نہیں ہے، وزیراعلیٰ اور اسپیکر کا الیکشن متنازع بنانا ٹھیک نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی یہ متنازع رہے گا، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اجلاس بلائیں۔