بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے گزشتہ روز اپنے مداحوں کو بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سنائی ہے۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو بتایا کہ 15 فروری کو ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام اُنہوں نے ’اکائے‘ رکھا ہے۔
دونوں میاں بیوی نے اس سے قبل بیٹے کی متوقع پیدائش کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر خاموشی اختیار کیے رکھی اور اب بھی اس بات کو خفیہ رکھا ہے کہ ان کے بیٹے کی پیدائش کہاں ہوئی یا دونوں اس وقت بیٹے کی پیدائش کے بعد کہاں ہیں۔
لیکن حال ہی میں ایک مداح نے ویرات کوہلی کی لندن کی گلیوں میں گھومتے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
مداحوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویرات کوہلی کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں ہونا شروع ہوگئی ہیں کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے بیٹے کی پیدائش لندن کے کسی اسپتال میں ہوئی ہے اور وہ دونوں تاحال لندن میں ہی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نجی مصروفیات کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔