پاکستان کے لیے سمندری گشت کے جہاز پی این ایس یمامہ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب کا انعقاد رومانیہ کے ڈامن شپ یارڈ میں ہوا، جس میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے بتایا کہ پی این ایس یمامہ جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا، اس جہاز کی شمولیت سے میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے صلاحیت بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمندر میں تجارتی راستے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے اس موقع پر بحری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔
وائس ایڈمرل نے پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر ڈیمن شپ یارڈ انتظامیہ کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پہلے یرموک کلاس جہاز کے بعد پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یرموک کلاس کے آخری 2 جہاز پی این ایس حنین اور پی این ایس یمامہ ہیں۔