بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی نے فلموں اور ویب سیریز میں بولڈ سین نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔
شلپا شیٹی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے پروجیکٹس کا انتخاب کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم اداکاروں کو ہر طرح کے کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے یہاں اداکار باآسانی اپنی پسند کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے کیریئر کی ابتداء سے ہی میری ترجیح یہی رہی ہے کہ میں ایسے کردار ادا کروں جو میرے بچے بھی اسکرین پر دیکھ سکیں تو میں ایسی فلموں کا انتخاب کرتی ہوں جس میں کوئی بولڈ سین نہ ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ میں بالی ووڈ کے ان چند اداکاروں میں سے ایک ہوں جو اسکرین پر بولڈ سین نہیں کرتیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے بچوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے محتاط رہ کر اسکرپٹ کا انتخاب کرتی ہوں تو مجھے اچھی طرح معلوم ہوتا ہے کہ میں کونسا سین پُرسکون رہ کر کر سکتی ہوں اور جو میں نہیں کر سکتی اس کے لیے میں پہلے ہی منع کر دیتی ہوں۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹی نے حال ہی میں روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کے ساتھ ڈیجیٹل ورلڈ میں ڈیبیو دیا ہے۔