پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر خان فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور وفاق میں حکومت سازی پی ٹی آئی کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل دستور کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے احترام سے جڑا ہے، جو اقتدار اور اختیار کی ملکیت عوام کو سونپتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان کے مقدس رشتے کو نیچا دکھا کر خیر کی توقع بیکار ہے، تاریخ گواہ ہے جمہوریت سے بےنیاز ہو کر ریاست چلانےکی کوشش پر بحران آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بطور ریاست ہم جہاں کھڑے ہیں وہ نہایت سنجیدگی اور ہوش مندی کا متقاضی ہے، تحریک انصاف کی چھینی گئی نشستیں واپس لوٹائی جائیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے فیصلہ کن مینڈیٹ پر کھلی نقب زنی پاکستان کے مفاد سے متصادم ہے، الیکشن کمیشن کی سہولت کاری سے انتخابی نتائج میں مجرمانہ ردوبدل تباہی کا نسخہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ سیاسی گروہوں کو بطور حکمران مسلط کرنے کو مسترد کرتے ہیں، عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کو ترک کرکے فارم 45 کے مطابق نتائج دیے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کے پی، پنجاب اور مرکز میں حکومت سازی پی ٹی آئی کا آئینی اور جمہوری حق ہے، تحریک انصاف بہرصورت عوام کے مینڈیٹ کی نگہبانی کا فریضہ سرانجام دے گی، عوام کے ووٹ کی حرمت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر پوری قوت سے آواز بلند کرے گی۔