بالی ووڈ کے معروف کامیڈین سنیل گروور ایک بار پھر کپل شرما کو جوائن کرنے والے ہیں، اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب یہ کوئی سیکرٹ نہیں رہا کہ 46 سالہ مزاحیہ اداکار چھ برس بعد کپل شرما شو کا حصہ ہوں گے۔
سنیل گروور کا کہنا ہے کہ کپل کے ساتھ تلخی سے وہ کافی ڈسٹرب ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ دونوں کے درمیان 2018 میں اس وقت تلخی پیدا ہوگئی تھی جب آسٹریلیا میں شو کرنے کے بعد بھارت واپس آتے ہوئے فلائٹ میں دونوں میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد سنیل گروور کپل شرما شو سے الگ ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں سنیل سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا دونوں میں پھر معاملات طے ہوگئے ہیں تو انکا کہنا تھا کہ کچھ ایسا ہی ہے لیکن وہ اس بارے میں تفصیل شو میں بتائیں گے اور گفتگو کریں گے۔
ان کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ کپل کے ساتھ تلخی سے وہ کافی ڈسٹرب ہوئے لیکن اب ایسا نہیں، البتہ وہ حقائق جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا دوسرے اس بارے میں کیا بولتے اور سمجھتے ہیں یہ انکا پرابلم ہے۔ جو انگشت نمائی کرتے ہیں ان کی ساکھ کیا ہے؟ انہیں معاملات کا پتہ نہیں وہ کچھ بھی کہہ دیتے ہیں کیونکہ انکا کام ہی یہ ہے۔
واضح رہے کہ سنیل گروور کا کپل کے شو میں گتھی اور ڈاکٹر مشور گولاٹی کا فرضی کردار گھر گھر میں مشہور تھا۔