کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر خواجہ نافع نے کہا ہے کہ میں نے جب سے کرکٹ شروع کی ہے روہت شرما اور بابر اعظم کو فالو کیا ہے، روہت شرما سب بولرز کو سافٹ ہینڈ سے چھکے مارتے ہیں۔
سب تک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ نافع نے کہا کہ بابر اعظم کو اس لیے فالو کیا کہ میں ٹی وی پر جب بھی دیکھتا وہ رنز کر رہے ہوتے تھے، ان کو دیکھ کر میں متحرک ہوا اور میں نے رنز بنانے کے لیے بہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی شاٹس اور اعتماد کے لیے 10 سال محنت کی ہے، مجھے دوست نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا کر اپنی شاٹس اپ لوڈ کرنے کا کہا، کوچ سے اجازت لی اور پھر ساری ویڈیو میری کوچ ہی ڈلواتے جس سے شہرت ملی۔
خواجہ نافع کا کہنا ہے کہ میں نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت اور پریکٹس کی ہے، مجھے اپنی محنت پر بھروسہ تھا اور میں پی ایس ایل میں اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کے اراکین بہت اعتماد دیتے ہیں، غیر معمولی اننگز کھیلنے کے بعد اسی ردھم کو برقرار رکھنے کا کوئی دباؤ نہیں ہوتا، میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں جب دباؤ ہو گا تو اس کو دیکھ لیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سرفراز احمد یہی کہتے ہیں کہ جاؤ وہ کرو جو تم نے سیکھا ہے، پی ایس ایل میں میرا دوسرا میچ تھا ابھی 8 میچز ہیں ان میں اچھا پرفارم کرنا چاہوں گا، ابھی کے لیے صرف پی ایس ایل ہے آگے کیا ہو گا وہ بعد میں دیکھیں گے، ہمارا پلان یہی ہے کہ ہمیں باقی میچز بھی جیتنے ہیں۔