حال ہی میں دوسری شدی کرنے والی پاکستانی ماڈل کرن اشفاق نے سوشل میڈیا پر ماں بننے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ابھی تو شادی کو صرف دو ماہ ہوئے ہیں، حوصلہ رکھیں۔
حال ہی میں کرن اشفاق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ سوالات اور جوابات (Ask me a question) کا سلسلہ شروع کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہی کرن اشفاق کے قریبی حلقوں میں اُن کے حمل سے ہونے اور جَلد ہی دوسری بار ماں بننے سے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں۔
انسٹاگرام سیشن کے دوران کئی مداحوں و فالوورز نے کرن اشفاق سے دلچسپ سوالات کیے جس کے انہوں نے کھل کر جوابات دیے۔
اس سیشن کے دوران صارف کے پوچھنے پر کرن اشفاق نے بتایا کہ اُن کے شوہر وکالت کرتے ہیں اور وکالت سے متعلق ہی اُن کی تعلیم جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کرن اشفاق نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کی مدد اور تعاون سے ہی اپنے بیٹے روہم کے ساتھ اچھا وقت پاتی ہیں۔
انسٹاگرام سیشن کے دوران ایک سوال کے جواب میں کرن اشفاق نے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جن مردوں کی اچھی تربیت ہوتی ہے اور وہ جن سے سچا پیار کرتے ہیں، وہ ان سے اپنی جان کے ٹکڑے الگ نہیں کرتے۔
اسی دوران ایک مداح نے اُن کے ساتھ کافی پینے کی فرمائش کر ڈالی۔
جس پر کرن کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے شوہر جم جاتے ہیں، اُن کے شوہر نے اچھی خاصی باڈی بنا رکھی ہے، کرن نے صارف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کافی کی پیشکش کرنے سے قبل میرے شوہر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ دیکھ لیں، وہ آپ کی ایسی حالت بنائیں گے کہ آپ یاد رکھیں گے۔
یاد رہے کہ کرن اشفاق معروف فلم و ٹی وی اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ ہیں۔
اس سابقہ جوڑی کے ہاں 2020ء میں بیٹے ’روہم‘ کی پیدائش ہوئی تھی جبکہ دونوں کے درمیان نومبر 2022ء میں طلاق ہوگئی تھی۔
بعد ازاں کرن اشفاق ڈار نے دسمبر 2023ء کے آخر میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کر لی تھی۔