بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق نازیبا بیان پر بھارتی گلوکارہ سونا مہاپاترا کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر برس پڑیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست اتر پردیش کے پریاگ راج میں اپنے حالیہ عوامی خطاب کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو 22 جنوری کے روز ایودھیا میں رام مندر میں منعقد کی گئی ایک تقریب پر کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔
راہول گاندھی کا طنزیہ انداز میں کہنا تھا کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی صاحب نے کی تھی جس میں صرف ارب پتی اور مشہور شخصیات ہی نظر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس تقریب میں کوئی کسان، کوئی مزدور، کوئی عام آدمی نہیں دیکھا لیکن امیتابھ بچن اور ایشوریا رائے جیسے لوگوں کو ضرور دیکھا۔
یاد رہے کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں اداکارہ ایشوریا رائے نے شرکت نہیں کی تھی بلکہ اس تقریب میں امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے شرکت کی تھی۔
دوسری جانب کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارا میڈیا صرف ایشوریا رائے کو ناچتے ہوئے دکھاتا ہے، غریب عوام سے متعلق کچھ نہیں دکھاتا، اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے میڈیا پر 24 گھنٹے نریندر مودی اور امیتابھ بچن کو دکھایا جاتا ہے۔
راہول گاندھی کو اس بیان پر بھارت بھر سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایسے میں بھارتی گلوکارہ سونا مہاپاترا نے بھی ایشوریا رائے سے متعلق راہول گاندھی کے اس نامناسب بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق گلوکارہ سونا مہاپاترا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر راہول گاندھی کے خلاف ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
پوسٹ میں گلوکارہ نے راہول گاندھی کو آڑے ہاتھوں لیتے سوال اٹھایا ہے کہ سیاستدان اپنی تقاریر میں خواتین کی بےحرمتی کیوں کرتے ہیں؟ وہ خواتین کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟
سونا مہاپاترا نے اداکارہ ایشوریا رائے کے دفاع میں مزید لکھا کہ آپ چاہے کچھ بھی بولیں، ایشوریا رائے بہت اچھا ڈانس کرتی ہیں۔