معروف بھارتی اداکار سونو سود ترکیہ کے شہر استنبول میں ایک پاکستانی مداح سے ملاقات کے بعد جذباتی ہوگئے۔
سونو سود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پاکستانی مداح کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ حال ہی میں استنبول میں میری ایک فرشتے سے ملاقات ہوئی جو پاکستان سے تھا۔
بھارتی اداکار نے لکھا کہ مجھے ان کا نام یاد نہیں رہا لیکن اُنہوں نے مجھے دیکھتے ہی گلے لگایا اور زبردستی میرے ہاتھ میں 20 پاؤنڈ کا ایک نوٹ تھما کر کہا کہ’میرے بیٹے تم غریبوں کے لیے بہت زبردست کام کر رہے ہو میں اس میں یہ اپنا تھوڑا سا حصّہ ڈال رہا ہوں کسی ضرورت مند کی مدد کر دینا‘۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ میں ان کے اقدام سے بہت متاثر ہوا اور یہ 20 پاؤنڈ میرے لیے ایک ملین ڈالر سے زیادہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکار سونو سود اداکاری کے علاوہ اپنے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔