بھارتی فلمساز وویک وسوانی نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان ہر وقت اپنے پاس 17 موبائل فونز رکھتے ہیں۔
شاہ رخ خان جنہوں نے اب اپنی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں اور منفرد انداز کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرلی ہے جب ابتداء میں اُنہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تھا تو بھارتی فلمساز وویک وسوانی نے ان کی کافی مدد کی تھی۔
وویک وسوانی نے حال ہی میں ایک شو کے دوران اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان کے ساتھ 2018ء میں ہونے والی آخری ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں شاہ رخ خان کی برتھ ڈے پارٹی میں گیا تو اُنہوں نے میرا بہت پُرجوش انداز میں استقبال کیا اور مجھے خاص طور سے اپنے بچوں سے ملوایا اور میری ان سے وہ ملاقات بہت اچھی رہی۔
شو کے میزبان نے سوال کیا کہ’آپ شاہ رخ خان سے پچھلے 4 سالوں میں ایک بار بھی نہیں ملے تو جب آپ اپنی زندگی میں اتنے مشکل وقت کا سامنا کر رہے تھے اور کینسر جیسی بیماری سے لڑ رہے تھے تو آپ نے اُنہیں اس دوران کال کیوں نہیں کی؟‘
وویک وسوانی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اداکار کے پاس 17 موبائل فونز ہیں اور میرے پاس اُن کا صرف ایک فون نمبر ہے تو فلم’جوان‘ کی کامیابی کے بعد جب میں نے اُنہیں کال کی تو اُنہوں نے کال اُٹھائی نہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پھر جب اُنہوں نے بعد میں میری مسڈ کال دیکھی اور مجھے کال کی تو میں کال نہیں اُٹھا سکا۔
وویک وسوانی نے کہا کہ شاہ رخ خان بہت مصروف رہتے ہیں، سُپر اسٹار ہیں، ان پر بھی کافی ذمہ داریاں ہیں، میں ان کی مصروفیات کا احترام کرتا ہوں۔