پاکستانی معروف اداکار، ہدایتکار اور ٹی وی میزبان یاسر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو کہ بغیر پیسوں کہ صرف ایئر ٹکٹ اور ویزا ملنے پر ایورڈز شو کی میزبانی کر لیتے ہیں۔
یاسر حسین نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے دلچسپ گفتگو کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کے کچھ رازوں پر سے پردہ بھی اٹھایا ہے۔
یاسر حسین کا انٹرویو کے دوران پوچھے گئے سوال کہ ’آپ ایوارڈ شوز میں بہت کم نظر آتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے ؟‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے ایوارڈز شو میں شرکت نہ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ کم پیسوں یا پیسوں کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔
یاسر حسین کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر ایوارڈز شو کی میزبانی کرنے والے افراد صرف جہاز کے اکنامی کلاس کے ٹکٹ پر بھی شو کی میزبانی کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ افراد ایئر ٹکٹ اور جہاں ایورڈ شو ہونا ہو اُس ملک کا ویزا اور کم پیسوں پر بھی میزبانی کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔
یاسر حسین کا کہنا تھا کہ وہ خود انڈسٹری میں اس طرح سے کام نہیں کرتے ، وہ نہ تو کم معاوضے پر کام کرنے کی ہامی بھرتے ہیں اور نہ ہی اکنامی ایئر ٹکٹ پر سفر اور میزبانی کرتے ہیں۔