بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اپنی سُپر ہٹ فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی موت کے چند دن بعد تعزیت کرنے ان کے گھر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نےاس ملاقات کے دوران سوہانی بھٹناگر کے والدین سے اداکارہ کی بیماری کے بارے میں بات کی اور ان کی اچانک موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سوہانی بھٹناگر نے عامر خان کی سُپر ہٹ فلم ’دنگل‘ میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سوہانی بھٹناگر نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔
تاہم آنجہانی اداکارہ کے اہل خانہ کے مطابق 2 ماہ قبل اداکارہ (Dermatomyositis) نامی نایاب بیماری میں مبتلا ہوئی تھیں جو جِلد پر خارش اور پٹھوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے جس کی تشخیص اداکارہ کی موت سے صرف 10 دن پہلے ہی ہوئی تھی۔