عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ موجودہ دھاندلی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ نجانے ہمیں کن لوگوں کا سامنا ہے، یہ ہمیں بچے سمجھتے ہیں، ہمارے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔
اے این پی کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں مرضی کے نتائج کےلیے پختونخوا میں نتائج تبدیل کیے گئے۔ ایک بندے کو وزیراعظم بنانے کےلیے کتنے حربے استعمال کیے گئے۔ ہم جمہوریت کی بات کرتے ہیں یہ جمہوریت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں میں مختلف پارٹیوں کے احتجاج ہو رہے ہیں۔ قوم کو انتخابات کے نام پر تقسیم کیا گیا۔
میاں افتخار حسین نے کہا ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا۔ الیکشن کمیشن کے تمام عہدیداروں کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ منظم طریقے سے دھاندلی میں سرکاری اہلکار شامل تھے۔ ہم اس الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا ووٹ کو اتنا بے قدر کر دیا گیا کہ آج کوئی حکومت بنانے کے لیے تیار نہیں۔ اگر پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو اس قسم کی سیاست سیکھنی ہے، ہم اس ملک کے وفادار تھے اور رہیں گے۔
میاں افتخار حسین کے مطابق ہم اپنا حق چھین سکتے ہیں، آپ نے پارلیمنٹ کے راستے بند کر دیے ہیں، اب مقابلہ میدان میں ہوگا۔