جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ میں ہمارا احتجاج مینڈیٹ کی چوری کے خلاف ہے، جب تک چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس نہیں ملے گا احتجاج ہوگا۔
ایک بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج میں جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج میں جے یو آئی ف اور ایم کیو ایم حقیقی بھی ساتھ ہیں، پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے، حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔
سردار عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ احتجاج سے جعلی مینڈیٹ والی جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر داخلہ سندھ نے کہا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث سندھ اسمبلی پر جلوس، احتجاجی مظاہروں پر پابندی ہے، کسی بھی قسم کی شرپسندی کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، ریڈ زون میں پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔