بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ، صحافی و میزبان ریحام خان نے ایک بار پھر سلور اسکرین کا رخ کر لیا۔
حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے انہوں نے اپنی نئی فلم ’چیمہ، چٹھہ اور باجوہ‘ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم ’چیمہ، چٹھہ اور باجوہ‘ ایک پنجابی لَو اسٹوری ہے جسے انہوں نے خود بہت پیار سے قلم بند کیا ہے۔
ریحام خان کے مطابق یہ فلم ان پنجابیوں کے بارے میں ہے جو بیرون ملک خاص طور سے کینیڈا، برطانیہ یا امریکا میں مقیم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی فلم کی کاسٹنگ جاری ہے، انہیں ’پرفیکٹ پاکستانی پنجابی ہیرو‘ کی تلاش ہے جس کی عمر تقریباً 26-27 سال ہو۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ پہلی فلم کی طرح اس بار بھی نئے چہرے شوبز انڈسٹری میں متعارف کروائیں گی جبکہ فلم میں ماضی کے فنکار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
یاد رہے کہ 2016 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’جانان‘ کو ریحام خان نے پروڈیوس کیا تھا، جس میں ہانیہ عامر نے ڈیبیو کیا تھا جبکہ بلال اشرف کی بھی بطور ہیرو یہ پہلی فلم تھی جس میں بچوں کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی کو موضوع بنایا گیا تھا۔ جانان کی دیگر کاسٹ میں ارمینہ رانا خان،علی رحمٰن خان، مشی خان اور عجب گل وغیرہ شامل تھے۔