سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نوید انتھونی کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کی صوفیہ سعید شاہ کے اسپیکر کے لیے اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے راشد خان کے کاغذاتِ نامزدگی درست قرار دیے گئے ہیں۔
دونوں عہدوں کے لیے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہو گی۔
اس سے قبل اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے حلف اٹھایا تھا۔
اسپیکر آغا سراج درانی نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے حلف لیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والے اراکین کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا: سجاد سومرو
سنی اتحاد کونسل کے رکنِ سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو کا کہنا ہے کہ آج ہمارے 9 ارکان نے حلف اٹھایا ہے، ہم پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی ایز ہیں، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کیا ہے۔
سجاد سومرو کا کہنا ہے کہ ہم پورے کراچی میں جیت چکے ہیں، نتائج تبدیل کیے گئے، لیاری مسائل کا گڑھ ہے، گٹر کے مسائل سے نکل نہیں سکے، ہم پورے کراچی کے حقوق کی بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔
گزشتہ روز 147 ارکان نے حلف اٹھایا
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں 168 نو منتخب ارکان میں سے 147 نے حلف اٹھایا تھا۔
جماعتِ اسلامی، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان حلف لینے نہیں آئے تھے۔
اسپیکر آغا سراج درانی نے نو منتخب ارکان کو مبارک باد دی اور ارکان نے سندھی، اردو اور انگریزی میں حلف اٹھایا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے لیے نامزد سید مراد علی شاہ کی حلف برداری پیر کو متوقع ہے۔