معروف پاکستانی ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا کہنا ہے کہ مجھے بھارتی عوام یا بھارتی فنکاروں سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں صرف عزت کے بدلے میں عزت دینے کا قائل ہوں۔
حسن شہریار یاسین نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان سے اپنی محبت کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ شاید ابھی اپنے ملک پاکستان کی اہمیت کو صحیح طریقے سے سمجھتے نہیں ہیں۔
حسن شہریار یاسین نے کہا کہ میں نے اس چیز کو باہر سے پاکستان واپس آکر محسوس کیا ہے کہ اپنے آبائی ملک میں رہنے کا کتنا پُر سکون احساس ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی یہاں سے کسی بھی ملک میں جا کر رہنا شروع کر دے تو وہ وہاں پیسے شاید بہت کما لے گا لیکن وہاں اسے وہ سکون نہیں ملے گا۔
حسن شہریار یاسین نے کہا کہ پاکستان میرا گھر ہے اس لیے میں پاکستان کبھی چھوڑ کر نہیں جاؤں گا بلکہ یہیں رہ کر اس ملک کی ترقی میں اپنا حصّہ ڈالوں گا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت مشکل اور حساس وقت کا سامنا کیا ہے یہاں کی نوجوان آبادی میں امید جگانے کی ضرورت ہے اور ہم سب کو مل کر اس ملک کو عظیم بنانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے کیونکہ جب یہ ملک بنایا گیا تھا تو اسی نظریے سے بنایا گیا تھا کہ یہ یہاں ایک عظیم ریاست قائم کی جائے گی۔
حسن شہریار یاسین نے کہا کہ اسی لیے بطور پاکستانی میں اپنے لوگوں کی دنیا میں پہچان بنتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں مجھے اپنے پڑوسی ملک کے عوام یا ان کے فنکاروں سے کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر زندگی کا ایک اصول ہوتا ہے کہ انسان اگر کسی کو عزت دیتا ہے تو بدلے میں یہ اس کا حق ہے کہ سامنے سے اسے بھی عزت ملے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اسی لیے میں اپنے برانڈ کے لیے صرف پاکستانی ماڈلز کے ساتھ ہی کام کرتا ہوں اور ابھی ہماری سب سے زیادہ ضرورت ہمارے اپنے ملک کو ہے تو ایسے وقت میں ہم ان لوگوں کو کیوں اہمیت دیں جو ہمیں کوئی اہمیت نہیں دیتے۔
حسن شہریار یاسین نے کہا کہ یہ میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ دوسروں کے بجائے اپنے لوگوں کے بارے میں بات کرے۔