بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سیاست دان جیا بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں فوج میں بھرتی ہونے کا بہت شوق تھا جو پورا نہیں ہو سکا۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اداکاری میں قدم رکھنے سے قبل فوج میں قسمت آزمائی تھی، فوج میں بھرتی ہونے کا خواب پورا نہ ہونے پر اُنہوں نے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا تھا۔
جیا بچن نے آن لائن انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ میں فوج میں شامل ہونا چاہتی تھی مگر مسترد ہو جانے پر میں بہت مایوس ہو گئی تھی، اداکارہ نے بتایا کہ اُن کے دور میں بھارتی فوج میں خواتین کو صرف بطور نرس ہی بھرتی کیا جاتا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں جیا بچن کا کہنا تھا کہ اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کے بعد انہوں نے خوب محنت کی اور اس شعبے کو بھرپور توجہ دی اور کامیاب ہوئیں۔
اداکارہ جیا بچن کا کہنا تھا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہے کہ اب خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں، کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں خواتین موجود نہ ہوں۔
یاد رہے کہ اداکارہ جیا بچن کئی دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں۔
جیا بچن کی پہلی فلم ’گڈی‘1971ء میں ریلیز ہوئی تھی، وہ اپنے بہترین کام کی وجہ سے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
اداکاری کی دُنیا میں اپنا نام بنانے کے بعد جیا بچن نے 2004ء میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
یاد رہے کہ اداکارہ جیا بچن کی شادی بالی ووڈ کے بگ بی، معروف اداکار امیتابھ بچن سے 1973ء میں ہوئی تھی اور اس جوڑی کے دو بچے شویتا بچن نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔