پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان المعروف ریمبو اپنے والد کی قربانیاں یاد کرکے لائیو شو کے دوران رو پڑے۔
ریمبو نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے مرحوم والدین کے ساتھ گزرے یادگار لمحات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے اپنے والدین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اپنے والدین کو یاد کرتا ہوں تو میں اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔
اداکار نے بتایا کہ میرے والدین کا انتقال بہت جلد ہوگیا تھا اور میں نے ان کے ساتھ زندگی میں زیادہ وقت نہیں گزار سکا کیونکہ میں لاہور میں کام کرتا تھا اور مجھے اس بات کا احساس ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ہوا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والدین نے میری شہرت و کامیابی کو دیکھا اور میں نے ان کی بہت خدمت بھی کی۔
ریمبو نے بتایا کہ جب میرے والدین اس دنیا سے گئے تو وہ مجھ سے خوش تھے لیکن مجھے پھر بھی افسوس ہے کہ کام کی وجہ سے میں ان کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکا۔
اُنہوں نے کہا کہ اب میں اکثر سوچتا ہوں کہ میں والدین کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکتا تھا۔
اداکار نے اپنے والد کے بارے میں کہا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا افسوس یہ ہے کہ میں نے کبھی اپنے والد سے محبت کا اظہار نہیں کیا کیونکہ بہت سے لوگوں کی طرح مجھے بھی اپنے والد سے محبت کا اظہار کرنا مشکل کام لگتا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والد نے بہت مشکل زندگی کو برداشت کرتے ہوئے مجھے پالنے کے لیے بہت سی قربانیاں دیں اور آج میں ان کے ساتھ صرف ایک دن گزارنے کے لیے ترستا ہوں لیکن بدقسمتی سے انسان اپنے والدین کو دنیا میں واپس نہیں لا سکتا۔
ریمبو نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ اب میں اپنے بچوں کے ساتھ زبردستی خود وقت گزارنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ انہیں مستقبل میں میری طرح پچھتاوا نہ ہو۔