بھارتی فلمساز وویک وسوانی نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔
شاہ رخ خان جنہوں نے اب اپنی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں اور منفرد انداز کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرلی ہے جب ابتداء میں اُنہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تھا تو بھارتی فلمساز وویک وسوانی نے ان کی کافی مدد کی تھی۔
وویک وسوانی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے کے مشکل وقت کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے شاہ رخ خان کی والدہ بہت بیمار تھیں تو وہ اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں ساری تفصیلات مجھے بتایا کرتے تھے۔
بھارتی فلمساز نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی والدہ کے اعضاء خراب ہوچُکے تھے اور وہ زیرِ علاج تھیں تو میں اُن کی والدہ کی مہنگی دوائیاں خرید کر اداکار کے دوست کے ذریعے دہلی بھیجتا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ شدید علالت کے باعث انتقال کر گئیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد شاہ رخ خان میرے پاس آئے اور فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر میں نے حیرت سے ان سے سوال کیا کہ تم نے تو کہا تھا کہ میں کبھی فلم نہیں کروں گا بلکہ ڈراموں میں کام کروں گا تو پھر اب فلم میں کام کرنے کا خیال کیسے آیا؟
وویک وسوانی نے بتایا کہ میرے سوال پوچھنے پر شاہ رخ خان نے کہا کہ مجھے اب فلم میں کام کرنا ہے کیونکہ میری والدہ کا خواب تھا کہ میں ایک سُپر اسٹار بنوں تو اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں فلموں میں کام کروں گا اور اپنی والدہ کا خواب پورا کروں گا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں نے شاہ رخ خان کا یہ فیصلہ سن کر کہا ٹھیک ہے تو اس نے مجھے سے کہا کہ صرف ٹھیک ہے نہیں بلکہ آپ مجھ سے وعدہ کریں کہ آپ مجھے فلم میں کام دلوائیں گے ورنہ میں آج کے بعد آپ کے گھر کبھی نہیں آؤں گا۔