بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے اپنی 30 ویں سالگرہ پر 24 قیراط گولڈ کیک کاٹ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے گزشتہ روز اپنی سالگرہ کے موقع پر 3 کروڑ روپے کا کیک کاٹتے ہوئے تصاویر شیئر کی ہیں۔
ان تصاویر میں انہیں سُرخ لباس پہنے 3 منزلہ کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی اداکارہ اپنی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر 24 قیراط گولڈ کیک کانٹے والی پہلی خاتون بن گئیں ہیں۔
مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں اروشی روٹیلا نے معروف بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ سالگرہ منائی۔
انہوں نے لکھا کہ لو ڈوز 2 کے سیٹ پر میری سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر یو یو ہنی سنگھ آپ کا شکریہ، اس موقع پر آپ کی موجودگی میرے لیے باعث خوشی ہے۔ آپ کی انتھک محنت اور فکر نے میرے کیرئیر کے سفر میں شاندار باب رقم کردیا ہے۔
انہوں نے بھارتی ریپر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ کم پڑ رہے ہیں، میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہر ایک کی توجہ سمیٹنے والے مذکورہ 24 قیراط گولڈ کیک کا انتظام ہنی سنگھ نے خصوصی طور پر اروشی روٹیلا کے لیے کیا تھا جس کی مالیت تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل’لو ڈوز ‘ نامی گانے میں اورشی روٹیلا اور ہنی سنگھ پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔ یہ گانا دونوں فنکاروں کے کیرئیر کا بہترین موڑ تھا کیونکہ اس گانے کی وجہ سے دونوں نے شہرت کی نئی بلندیوں کو چُھوا تھا۔