بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل پلک تیواری کو بطور ماڈل ہائیر کرنے پر پاکستانی کلوتھنگ برانڈ کو تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی معروف اداکارہ پلک تیواری سونم باجوہ اور احسن خان کی متعدد ویڈیوز وائرل ہیں۔
ان ویڈیوز میں یہ دونوں بھارتی اداکارائیں اور پاکستانی سپر ماڈل و اداکار احسن خان ایک کلوتھنگ برانڈ کی تشہیر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
جہاں یہ فنکار کلوتھنگ برانڈ کی تشہیر اور لان کے جوڑوں کو چار چاند لگا رہے ہیں وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین مشہور کلوتھنگ برانڈ سے نالاں نظر آ رہے ہیں۔
ان وائرل ویڈیو اور تصویروں پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آج تک کسی بھارتی برانڈ نے پاکستانی فنکار کو اپنا ایمبیسیڈر چنا ہے کیا۔
انٹرنیٹ صارفین کا ویڈیوز کے کمنٹ باکس میں کہنا ہے کہ پاکستانی کلوتھنگ برانڈز کو بھی بھارتی فنکارائیں چھوڑ کر اپنے ملک کی ماڈلز کو بطور برانڈ ایمبیسیڈر رکھنا چاہیے۔
دوسری جانب پاکستانی صارفین کا تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہنا ہے کہ پلک تیواری پاکستانی کلوتھنگ برانڈ کی تشہیر کا حصہ تو بن گئیں مگر اُنہوں نے تشہیری ویڈیوز کو اپنے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کرنا تک گوارا نہیں کیا۔