بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا، آئی ایم ایف کے لیے خط میں نے ڈکٹیٹ کرایا ہے، خط ڈکٹیٹ کرانے سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں، پارٹی کو ختم کرنے کے لیے 9 مئی کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ظلم سے پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ سب سے مضبوط جماعت بن گئی، آئی ایم ایف کو بھیجا جانے والا خط غداری قرار دیا جا رہا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ پچھلی سماعت پر آپ نے کہا تھا خط لکھ دیا اور بھیج بھی دیا ہے؟
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائے گا، خط میں یہی لکھا جائے گا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔
صدر کے اجلاس نہ بلانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا۔