گزشتہ 24 گھنٹوں سے زائد سے جاری بارش کے باعث گوادر، جیونی اور سر بندن میں تباہی مچ گئی۔
جیونی میں 3 برساتی بند ٹوٹ گئے
بارش کے باعث ساحلی شہر جیونی کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہو گئی جہاں 3 برساتی بند ٹوٹ گئے۔
جیونی میں ساحل پر موجود کشتیاں سمندر میں بہہ گئیں، کئی مکانات اور چار دیواریاں گر گئیں۔
نکاسیٔ آب کا مؤثر نظام نہ ہونے سے گلی محلے تالاب بن گئے۔
ریسکیو ٹیمیں جیونی نہ پہنچ سکیں، شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔
سب سے زیادہ بارش گوادر میں ریکارڈ
محکمۂ موسمیات کے مطابق گوادر میں 2 روز کے دوران 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جیونی میں 39، سبی اور پسنی میں 2۔2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو کا اظہارِ تشویش
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مسلسل برسات کی وجہ سے گوادر میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہو چکی ہے، یہ صورتِ حال ہنگامی امدادی اقدامات کی متقاضی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے گوادر کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوچکا ہے، شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے مصیبت میں پھنسے گوادر کے شہریوں کی مدد کریں، انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے۔