بالی ووڈ کی ڈانسنگ کوئین مادھوری ڈکشٹ نے 30 برس پرانا آئیکونک انداز ایک بار پھر اپنا کر مداحوں کو حیران کردیا، ہر کوئی داد دیئے بنا نہ رہ سکا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مادھوری ڈکشٹ کی جامنی ساڑھی میں چند تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جسے دیکھ کر بلاک بسٹر فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی ’نیشا چوہدری‘ کی یادیں تازہ ہوگئیں۔
ڈانسنگ کوئین نے 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے مقبول گانے ’ دیدی تیرا دیور دیوانہ‘ کا لُک ری کریٹ کیا ہے۔
انہوں نے یہ لُک ایک ڈانس ریئلٹی شو کے لیے اپنایا ہے جس میں مادھوری ڈکشٹ جج کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ’دھک دھک گرل‘ کی تصاویر و ویڈیوز جیسے ہی وائرل ہوئیں، مداحوں کا طوفان امڈ آیا اور اپنی پسندیدہ اداکارہ کی تعریفیں کئے بنا نہ رہ سکا۔
کچھ صارفین نے تو بلاک بسٹر فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے 30 برس مکمل ہونے پر فلم کی کاسٹ کی ری یونین کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس فلم سے مادھوری ڈکشٹ اور سلمان خان کی جوڑی بےحد مقبول ہوئی تھی تاہم انہوں نے اس فلم کے بعد ایک ساتھ زیادہ کام نہیں کیا۔