بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے صبح 4 بجے اُٹھنے کی وجہ بتا دی۔
اکشے کمار اپنی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں کے علاوہ نظم و ضبط سے بھرپور طرز زندگی گزارنے کے لیے بھی مشہور ہیں۔
اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی روزانہ کی مصروفیات کے بارے میں بات کی۔
اداکار نے بتایا کہ میرے دن کا آغاز صبح 4 بجے سے ہوتا ہے اور میں رات کو 9 بجے یا ساڑھے 9 بجے تک سوجاتا ہوں۔
اُنہوں نے صبح 4 بجے اُٹھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں صبح جلدی اس لیے اُٹھتا ہوں تاکہ مجھے اپنے لیے کچھ وقت مل جائے کیونکہ اس وقت میری بیوی اور بچے سو رہے ہوتے ہیں اور کسی قسم کا کوئی ذہنی تناؤ نہیں ہوتا!
اکشے کمار نے کہا کہ ہر آدمی کو دن میں 2 سے 3 گھنٹے اپنے لیے چاہیے ہوتے ہیں اس لیے میں سب سے یہ کہوں گا کہ دن میں کچھ وقت اپنے لیے ضرور نکالیں اور اس وقت میں آپ بے شک کچھ بھی نہ کریں کہیں اکیلے بیٹھ جائیں اور اپنے ذہن کو سکون میں رکھنے کی کوشش کریں اوراس دوران فون تو بالکل استعمال نہ کریں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں خود بھی صبح اُٹھنے کے بعد کچھ وقت ایسے ہی گزارتا ہوں اس کے بعد تقریباََ ایک گھنٹہ ورزش کرتا ہوں اس وقت تک میری بیوی اور بچے اُٹھ جاتے ہیں پھر ہم ساتھ میں ناشتہ کرتے ہیں اور پھر میں کام کے لیے نکل جاتا اور شام کو گھر واپس آتا ہوں۔