الحرمین الشریفین اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں 3 ہزار افراد اعتکاف کریں گے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی میں ادارہ امور رہنمائی اور فیلڈ گائیڈنس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمحسن الغامدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اعتکاف کے لیے مخصوص جگہ کو معتکفین کے استقبال کے تیار کرلیا گیا ہے جہاں 2500 مرد اور 500 خواتین کی گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ معتکفین کو روزانہ سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی جنہیں صحت کے معیار اور ضوابط کے مطابق تیار جائے گا۔معتکفین کو ایک کمبل، تکیہ، ذاتی استعمال کی اشیا اور سلیپنگ ماسک فراہم کیا جائے گا۔
اعتکاف کے دوران مرد اور خواتین کے لیے طبی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تصریح (اجازت نامہ)جاری ہونے کے بعد ہر معتکف کے لیے ذاتی سامان رکھنے کے لیے ایک لاکر مخصوص کردیا جائے گا جبکہ آخری عشرے میں معتکفین کے لیے مختص جگہ پر علمی دروس، قرآنی حلقوں اور رہنمائی کے وسائل کی فراہمی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
عبدالمحسن الغامدی نے کہا الحرمین الشریفین اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز رمضان شروع ہونے کے ساتھ ہوگیا تھا