پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کے 5 سال پورے کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ حکومت پورے 5 سال چلے گی کیوں کہ دوسرا آپشن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ہمیں اتحادی حکومت ہونے کی وجہ سے کمزور سمجھ رہے ہیں، 2008ء میں پی پی حکومت آئی تو ہمیں بھی یہی کہا جاتا تھا۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن پر کسی کو اعتراضات ہیں تو فورم موجود ہیں، پی ٹی آئی حکومت بنا نہیں سکتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو بنے ایک ماہ نہیں ہوا، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے 6 مہینے دینے چاہئیں، مہنگی بجلی پر حکومت سبسڈی دینا چاہتی ہے تو حکومت کے پاس پیسے ہونے چاہئیں۔
قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ مزید قرضے لے کر لوگوں کو ریلیف دینا ہے تو یہ مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعے نے پاکستان کی تاریخ میں خوفناک مثال قائم کی۔