علی آغا کے برادر نسبتی عادل شاہ نے کہا ہے کہ بہنوئی 4 سال پہلے کوئٹہ سے ایران جا کر آباد ہوگیا تھا اور گزشتہ 2 سال سے ترکی میں مقیم تھا۔
سب تک نیوز سے گفتگو میں عادل شاہ نے کہا کہ علی آغا سے ان کی بہن کا رشتہ تقریباً 15 سال قبل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی کے بعد میاں بیوی کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے کی ٹارگٹ کلنگ، بے امنی اور مالی مشکلات کے با عث پاکستان چھوڑ کر ہمسایہ ملک ایران منتقل ہوگئے تھے۔
عادل شاہ نے یہ بھی کہا کہ علی آغا نے وہاں سے روزگار کی تلاش میں ترکیہ چلے گئے، اُن کا خواب تھا کہ وہ اپنے بیوی، بچوں کو بہتر اور خوشحال مستقل دے سکیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بہنوئی کی زندگی ترکیہ میں آسان نہیں تھی، وہ وہاں تعمیراتی شعبے میں یومیہ اجرت پر کام کرتے تھے اور بمشکل اپنا خرچ پورا کررہے تھے۔
عادل شاہ نےکہا کہ علی آغا غیرقانونی طریقے سے یورپ جارہے تھے، بہنوئی کے بھائی نے حادثے کی اطلاع دی، بہن، بہنوئی اور ان کے 4 بچوں کے موت کا دکھ سہنا آسان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار بتائیں لوگ کیوں ملک چھوڑنے پر مجبور ہورہے ہیں، معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوئے تو ایسے حادثات ہوتے رہیں گے۔