میئر کراچی مرتضی وہاب نے کے ایم سی سٹی نرسنگ انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کر دیا۔
کے ایم سی سٹی نرسنگ انسٹیٹیوٹ ایف بی ایریا کے انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں تعمیر کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک میں فیصلہ سازی رک گئی ہے، 13 سال سے عمارت جوں کی توں پڑی تھی کسی کو خیال نہیں آیا، یہ عمارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے نوجوانوں کو ہنر دینا چاہتے ہیں، عمارت بند پڑی خراب ہو رہی تھی، اب عمارت زیرِ استعمال ہے، 30 جون کے بعد پریس کانفرنس کروں گا، جس میں اپنی پوری کارکردگی کے بارے میں بتاؤں گا۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کتنے اداروں کو بحال کیا وہ بھی بتاؤں گا، بتاؤں گا کہ کے ایم سی نے کتنی آمدنی کم کی اور بڑھائی، یہ جو پیسہ لوگوں کی جیب میں جاتا ہے وہ نہیں جانے دوں گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کے بہت سے خاندانوں کے بقایا جات ادا کیے، 5 برس کا نہیں 14 برس کا حساب لوں گا، کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا حساب لوں گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کے ایم سی نے 50 کروڑ کی آمدنی 6 ماہ میں اکٹھی کی ہے، ڈیڑھ ارب روپے کی جلد ریکوری کریں گے، شہر کی بہتری پر لگائیں گے۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ یہاں اس کالج کی بدولت 130 بچے مفت اسکالر شپ حاصل کریں گے، غریب کا بچہ کے ایم سی سٹی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں تعلیم حاصل کرے گا، نرسنگ کے پروفیشن کی دنیا بھر میں ڈیمانڈ ہے، یورپ میں 1 نرس 500 سے 600 یورو حاصل کر رہی۔