وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ڈاکوؤں کے پاس ملٹری طرز کا اسلحہ کیسے پہنچ رہا ہے۔
کندھ کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد اور سکھر میں بے امنی کا سبب قبائلی تنازعات ہیں، حالات نگراں حکومت میں پہلے سے زیادہ خراب ہوئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور فوج کی مدد سے جلد یہاں امن قائم کریں گے، پچھلی حکومت میں وفاقی حکومت کو ملٹری طرز کے اسلحے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی ملٹری طرز کے اسلحے کے لیے درخواست کریں گے، وفاقی وزیرِ داخلہ سے بھی ملٹری طرز کے اسلحے کے لیے کہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ قبائلی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے مقامی سرداروں سے بھی مدد لی جائے گی۔