پاکستان نمبر ٹو ایشین میڈلسٹ جیولین تھرور محمد یاسر اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے پُراُمید ہیں اور کہتے ہیں کہ میری خواہش ہے کہ ارشد ندیم کے ہمراہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد یاسر نے کہا کہ ایشین گیمز اور ایشین چیمپئن شپ کے مقابلے میں اب تیاری بہت اچھی ہے، میری کوشش ہے کہ پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کروں، کیونکہ میں ارشد ندیم کے ساتھ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے 30 جون سے قبل زیادہ سے زیادہ ایونٹس میں شرکت کرنا چاہتا ہوں، فیڈریشن نے یقین دلایا ہے کہ مجھے کوالیفکیشن کا موقع فراہم کیا جائے گا اور کہا ہے کہ میں محنت جاری رکھوں اور بہتر سے بہتر جیولین پھینکوں۔
محمد یاسر کا کہنا ہے کہ کوچ فیاض بخاری میرے ساتھ خوب محنت کر رہے ہیں، میں انفرادی طور پر کوچ کے ہمراہ ٹریننگ کر رہا ہوں کیونکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اب تک کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا، اسپورٹس بورڈ نے مجھے کوچنگ سینٹر میں رہائش دی ہوئی ہے لیکن بین الاقوامی مقابلوں کے لیے کیمپ بھی لگانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر ہوں۔
انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ابھی تک سب پازیٹو جا رہا ہے، اُمید ہے کہ سب اچھا ہو گا۔