پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں فیصل واوڈا کو سپورٹ کر رہے ہیں اس میں کیا برائی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فیصل واوڈا اس شہر سے ایم این اے رہے ہیں، کل سینیٹ کے الیکشن ہونے جا رہے ہیں بھرپور کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک عملی طور پر نہیں کیا، پی ٹی آئی کے صرف 9 ممبرز ہیں کیسے سیٹیں جیتیں گے۔
عدالیہ کی آزادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 2 بار منتخب حکومت کو غیرآئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا، عدلیہ کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی نے خون دیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو 6 ماہ جیل گئے ہوئے نہیں ان کو عدلیہ کی آزادی کا خیال آگیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، بانی پی ٹی آئی کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا گیا، اس وقت عدلیہ کی آزادی یاد کیوں نہ آئی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات کے بعد مرسڈیز میں عدالت گئے، ان کو کہا گیا گڈ ٹو سی یو، بانی پی ٹی آئی کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ جیل میں مل رہی ہے، ایسے میں عدلیہ کی آزادی کسی کو یاد نہ آئی، ان کو سنگین جرائم پر ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے اور اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے حکومت سنجیدہ ہے، ہر شہری کی جان اور مال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے، ہم نے سندھ میں اسلحہ اور منشیات کو آنے سے روکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں اسلحہ اور منشیات کو سرحدوں پر روکنا وفاقی اداروں کی ذمے داری ہے، منشیات اور ان کے سپلائرز کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پنک اور ای وی کے نئے روٹس شروع ہو رہے ہیں، ریڈ لائن اور یلو لائن کو عید کے بعد شروع کر رہے ہیں۔