گیس اوربجلی کے بلوں نے صارفین کاجینا دوبھر کردیاہے کم آمدنی والے سفید پوش گھرانے یوٹیلٹی بلز زیادہ آنے سے شدید پریشان ہیں بھاری بلز کی ادائیگی کے بوجھ سے ان کی نیندیں حرام ہو گئیں۔تنخواہ دار طبقے کی ساری تنخواہ گھر کے کرائے ، بجلی، گیس کے بلوں اور دوسری ضروریات پر خرچ ہوجاتی ہے۔ اضافی بلنگ کا مسئلہ بھی بجلی کے صارفین کو پریشان کررہا ہے، دوسر ی طرف طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس کی مخصوص اوقات میں فراہمی کے باعث گیس سلنڈر کی مہنگے داموں خریداری سے بھی بجٹ متاثر ہوا ہے ،پی پی آئی کے مطابق صارفین کاکہنا ہے کہ اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ عوام کیلئے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ترین بنادیا گیا ہے۔ کاروبار تباہ اور انڈسٹریز کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔ ترقی و خوشحالی کے تمام حکومتی اعداد وشمار گمراہ کن ہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جو تسلی بخش کارکردگی پیش کررہا ہو ۔یہی وجہ ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔