امریکی رکن پارلیمنٹ ٹم والبرگ نے غزہ پر ناگاساکی اور ہیروشیما کی طرح جوہری بم گرانے کی تجویز پیش کر دی تاکہ اسے جلد ختم کیا جا سکے۔
الجزیرہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ریپبلکن کانگریس کے رکن ٹم والبرگ کو مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے دیکھا و سنا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو 25 مارچ کی ہے جب ٹم والبرگ جنوبی مشی گن میں ٹاؤن ہال میں موجود مختلف حلقوں کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک شخص نے سوال کیا کہ امریکا غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک عارضی بندرگاہ بنانے کے لیے امریکی ڈالر کیوں خرچ کر رہا ہے؟
اس سوال کے جواب میں امریکی رکن پارلیمنٹ نے غزہ میں امداد فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے جواب دیا کہ یہ امریکی صدر جو بائیڈن کا فیصلہ ہے کہ ہمیں غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنی چاہئے لیکن میرا ایسا خیال نہیں ہے ہمیں غزہ کی امداد کے لیے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرنا چاہیے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ٹم والبرگ نے اپنا نفرت انگیز بیان جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ پر ناگاساکی اور ہیروشیما کی طرح ایٹمی بم گرا دینا چاہیے تاکہ اسے جلد ختم کیا جا سکے۔
مذکورہ ویڈیو منظر عام پر آتے ہی امریکی ری پبلکن کانگریس کے رکن کے تبصرے کی خوب مذمت کی جارہی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین ٹم والبرگ کے خلاف مقدمے اور ان کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔