سندھ کے شہر خیرپور میں چند روز قبل گھر کے صندوق سے تین بچوں کی لاشیں ملنے کے کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ کے مطابق مقدمے میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار جبکہ تفتیش کے لیے سات افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ایک بچے سے زیادتی کا خدشہ ظاہر کیا گیا، پوسٹ مارٹ رپورٹ ملنے پر تصدیق ہو سکے گی۔
بچوں کے قتل کا مقدمہ خاتون سمیت چار افراد کے خلاف درج ہے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ
یاد رہے کہ خیرپور کے گوٹھ وڈا سمنگ میں ایک گھر کے اندر صندوق سے برآمد ہونے والے تین بچوں کی لاشوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ گزشتہ روز سامنے آئی تھی۔
رپورٹ سول اسپتال خیرپور اور گمس اسپتال گمبٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر جاری کی گئی تحریری رپورٹ میں ایک بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات ظاہر ہوئے ہیں تاہم رپورٹ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
گزشتہ روز ایس ایچ او بی سیکشن انور علی ابڑو نے اس کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچوں کےساتھ زیادتی کی باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔