گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 9ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا ڈیفنس پولیس اسٹیشن کراچی میں افتتاح کر دیا۔
ترجمان گورنر سندھ کے مطابق یہ منصوبہ کراچی کمیونٹی پولیسنگ منصوبہ کے تحت شہر قائد کیلئے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عزیز آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، ملیر، سولجر بازار، نیو سبزی منڈی، نیپئر اور گزری کے تھانوں میں بھی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے یہ شہر کے ہر تھانے میں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے اسے کنٹرول ہونا چاہیے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والے رائیڈر علی رہبر جیسے واقعات افسوسناک ہیں۔
دریں اثنا گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس کراچی میں نجی شعبے کی شراکت سے 800 کیمرے لگانے کا منصوبہ خوش آئند ہے۔
ڈیفنس پولیس اسٹیشن پر کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کے تحت 158 کیمرے لگائے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جرائم کرنے والے اب ہوشیار ہوجائیں گے، کیمروں سے مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا ہے، دعا ہے کہ کراچی کا سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل ہو۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں۔ معاشی بحران کے باوجود ہم ڈیفالٹ نہیں ہوئے، نہ ہوں گے۔ ملک میں معاشی ٹیم اچھا کام کر رہی ہے ہم جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے۔