جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی وسطی کی عدالت میں سوشل میڈیا پر کار کے اشتہار کے ذریعے فراڈ اور دھوکا دہی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزم حسان شاہ کو تین سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر 35 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے نجی کمپنی کے نام سے قسطوں پر کار کا اشتہار چلایا۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ مدعی معروف نے آفس کا دورہ کیا اور 4 لاکھ 95 ہزار کا چیک دیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق پیسے لینے کے بعد بھی مدعی کو کار نہیں دی گئی۔ مدعی نے عدالت میں کمپنی کی رقم وصولی کی رسید بھی پیش کی۔
پراسیکیوشن کے مطابق نجی کمپنی کا آفس ملزم کے نام سے ہی رجسٹرڈ تھا۔ ملزم پہلے بھی اس طرح کے 12 کیسز میں ملوث ہے۔
عدالت نے کہا کہ ملزم خود کو بے قصور ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں دو سے زائد ملزمان مفرور ہیں۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ ناظم آباد میں 2021 میں درج کیا گیا تھا۔